پاکستان کی انسدادِ منشیات میں کامیاب کارروائیوں پر اقوام متحدہ کا اعتراف

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم(یو این او ڈی سی) نے پاکستان کی انسدادِ منشیات میں موثر اور کامیاب کارروائیوں کو عالمی سطح پر سراہا ہے۔

یو این او ڈی سی کے نمائندہ ٹرولز ویسٹر نے کہا ہے کہ پاکستان منشیات کے خلاف فرنٹ لائن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

ٹرولز ویسٹر نے کہا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی حالیہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں پوست اور ہیروئن کی جگہ اب مصنوعی منشیات کی لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ اشتراک کرنا ناگزیر ہے۔

ٹرولز ویسٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک سال میں 365 میٹرک ٹن منشیات اور کیمیکل ضبط کیے ہیں، منظم جرائم کی بدلتی حکمت عملی کے تحت پاکستان کا کردار اس لڑائی میں کلیدی ہے۔

یو این او ڈی سی کے نمائندہ ٹرولز ویسٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کو منشیات کے خلاف جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات سمگلنگ میں ملوث ضلع خیبر کے 14 پولیس اہلکار معطل

یو این او ڈی سی نے انسدادِ منشیات کے لیے اہم روڈ میپ بھی جاری کیا ہے جس کے تحت عالمی تعاون اور اشتراک کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

Scroll to Top