پشاورمیں5 سال بعد اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع

پشاورمیں5 سال بعد اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں دہشتگردوں کے پے در پے حملوں کے بعد پشاور میں تقریباً پانچ سال بعد دوبارہ سے خصوصی اسنیپ چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پشاور کے نواحی علاقوں بڈھ بیر، متنی، حسن خیل، وارسک، ریگی، ارمڑ اور قبائلی ضلع خیبر سے متصل چیک پوسٹوں پر اسنائپر تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ اگلے مرحلے میں تھرمل ٹیکنالوجی بھی حساس مقامات کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کو فراہم کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق پاک آرمی اور پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکہ بندی اور چیکنگ کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر قابو پانا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر مؤثر نگرانی انجام دے رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پشاور میں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی اسنیپ چیکنگ کی جائے تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مستحکم رہے اور شہری محفوظ رہیں۔

Scroll to Top