آج پی ٹی آئی پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی, سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نے اپنے بانی عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔

ان کے مطابق پارٹی کو ایوان میں رہ کر ترمیم پر اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے تھا اور اپنے ووٹ رجسٹرڈ کروانے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم 243 سے متعلق کوئی بات نہیں کی، نہ حمایت میں اور نہ مخالفت میں، جبکہ چیئرمین سینیٹ نے 59 مرتبہ ان سے مؤقف مانگا مگر کوئی جواب نہیں آیا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے منافقت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، انہیں عوام کو صاف صاف بتانا چاہیے کہ وہ کہاں اتفاق کرتے ہیں اور کہاں اختلاف۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر مولا جٹ کی سیاست دوبارہ کی گئی تو نتیجہ سنگین ہوگا، اور اگر پی ٹی آئی نے دوبارہ وہی روش اپنائی تو پارٹی کالعدم ہوسکتی ہے اور گورنر راج بھی لگ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت کو چاہیے کہ بانی پارٹی کے لیے مثبت انداز میں بات چیت کر کے راستہ نکالے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے درست قدم اٹھایا کہ انہوں نے استثنیٰ لینے سے انکار کیا۔

ان کے مطابق پاکستان میں ماضی کو دیکھ کر مستقبل کی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی، لیکن پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نوجوان طبقے کو گمراہ کر رہی ہے اور بانی کو مزید مشکلات میں دھکیل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ترمیم کے دوران پی ٹی آئی نے پورے ایوان میں ڈرامہ کیا، جبکہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استعفیٰ دے کر اچھا قدم اٹھایا ہے۔ تبدیلی آنے والی نہیں، بلکہ آچکی ہے۔ یہ نعرہ کسی اور کا تھا، مگر عمل یہاں ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وزیر اعظم اور آرمی چیف ایک صفحے پر ہیں، اور ملک کو موجودہ حالات میں صرف ہائبرڈ نظام ہی استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ہائبرڈ جمہوریت کا حامی ہوں۔ جو کچھ 27ویں ترمیم میں نہیں ہوسکا، وہ 28ویں ترمیم میں کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top