صحت کی دنیا میں نئی تبدیلی: خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کے لیے بڑا تحفہ دے دیا

پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ نے محکمہ صحت کی جانب سے پیش کی گئی پہلی فارمیسی سروسز پالیسی کی منظوری دے دی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

صحت کے شعبے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔اس تاریخی فیصلے کے ساتھ صوبے میں معیاری، مؤثر اور سستی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا باب کھل گیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت صوبے بھر کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں معیاری، مؤثر اور کم لاگت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس اقدام سے نہ صرف مریضوں کے علاج کا معیار بہتر ہوگا بلکہ ان کے اسپتال میں قیام کے دورانیے میں بھی کمی آئے گی۔

پالیسی کا ایک اہم مقصد منشیات کے کنٹرول اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا اور اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (AMR) کے خلاف مؤثر اقدامات کو فروغ دینا ہے، تاکہ صحت کے شعبے میں جدید عالمی معیار کے مطابق اصلاحات ممکن بنائی جا سکیں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی فارمیسی سسٹم کو منظم اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے، جس سے نہ صرف مریضوں بلکہ پورے صحت کے نظام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں : امن جرگہ سے ترقیاتی منصوبوں تک: کابینہ اجلاس میں متوقع اہم فیصلے سامنے آ گئے

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور شدہ مختلف قراردادوں پر عملی اقدامات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ گورنر کے لیے وی آئی پی گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی ختم کرنےکی منظوری بھی دی گئی۔

مزید برآں صوبے میں زراعت اور دیہی معیشت کے فروغ کے لیے ایک کسان، ایک گائے منصوبے کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں تیراہ اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے خصوصی فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی تاکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔

Scroll to Top