اپنا گھر بنانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع،فوری فائدہ اٹھائیں

اسلام آباد: مقامی بینکوں کی جانب سے گھروں کی تعمیر کے لیے فراہم کردہ قرضہ جات (home finance loans) میں اکتوبر 2025 کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 215 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر کے اختتام تک گھروں کی تعمیر کے لیے بینک قرضوں کا حجم 201 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مہینہ بہ مہینہ جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں گھروں کی تعمیر اور خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجراء میں ماہانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد اضافہ ہوا۔

ستمبر 2025 میں گھروں کی تعمیر اور خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 213 ارب روپے تھا، جو اکتوبر میں بڑھ کر 215 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اپنا گھر بنانے کا سنہری موقع، بینکوں نے قرضوں کے دروازے کھول دیے

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025 میں گھروں کی تعمیر کے لیے بینکوں کی جانب سے جاری کیے گئے قرضوں میں سالانہ بنیادوں پر 5.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2025 کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے ہاؤسنگ فنانس کے تحت جاری کیے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 213 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 202 ارب روپے تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہانہ بنیادوں پر بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا، اگست 2025 کے مقابلے میں ستمبر 2025 میں ہاؤسنگ فنانس میں 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اگست کے اختتام پر قرضوں کا حجم 211 ارب روپے تھا جو اگلے ماہ بڑھ کر 213 ارب روپے ہوگیا۔

ادھر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ستمبر 2025 میں نجی شعبے کو دیے گئے قرضوں کا حجم 9,682 ارب روپے جبکہ کاروباری شعبے کے لیے یہ رقم 8,366 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بالترتیب 14.7 فیصد اور 15.2 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال ستمبر کے اختتام پر نجی شعبے کے قرضوں کا حجم 8,438 ارب روپے اور کاروباری قرضوں کا حجم 7,260 ارب روپے تھا۔

Scroll to Top