امریکا میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افغان شہریوں کی فہرست جاری

امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افغان شہریوں کی فہرست جاری کردی ہے۔

امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے متعدد افغان شہریوں کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض افراد غیر تصدیق شدہ پس منظر کے باوجود امریکا میں داخل ہوئے، جس کے بعد ملک کے مختلف ریاستی اداروں نے ان کے خلاف کارروائیاں کیں۔

امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ ہزاروں افغان شہری مکمل اسکریننگ اور تصدیقی مراحل سے گزرنے کے بعد امریکا میں داخل کیے گئے تاہم بعد ازاں متعدد کیسز سامنے آئے جن میں تشدد، جنسی جرائم اور ممکنہ شدت پسندانہ سرگرمیوں کے شبہات شامل ہیں۔

محکمے کے مطابق ریاست مونٹانا میں زبیح اللہ محمند پر ایک کم عمر لڑکی سے جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا جبکہ ریاست وسکونسن میں بَہراللہ نوری کو کم عمر بچی سے جنسی جرم کی کوشش پر گرفتار کیا گیا، اسی نوعیت کے ایک اور کیس میں محمد ہارون معاد کم عمر بچی سے متعلق جنسی جرائم کے مقدمات میں نامزد ہوا۔

ڈی ایچ ایس کے مطابق جاوید احمدی دوسری ڈگری کے حملے میں سزا یافتہ تھا، تاہم اسے سزا کے باوجود ملک میں رہنے کی اجازت دی گئی، 2025 میں اسے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے دوبارہ گرفتار کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محمد خروین مبینہ طور پر ٹیرر واچ لسٹ میں شامل تھا، اسے 2024 میں گرفتار کیے جانے کے بعد رہا کردیا گیا تھا لیکن ایک سال بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا جہاں اس کے ممکنہ دہشت گرد روابط کی تحقیقات جاری ہیں۔

اوکلاہوما سٹی میں عبداللہ حاجی زادہ اور ناصر احمد کو الیکشن ڈے حملے کی مبینہ منصوبہ بندی پر حراست میں لیا گیا، محکمے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک شدت پسند گروہ سے ممکنہ وابستگی سے متعلق شواہد بھی ملے۔

اسی دوران ریاست ورجینیا میں ٹریفک اسٹاپ کے دوران فائرنگ کے ایک واقعے میں جمال ولی ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق فائرنگ سے پہلے ملزم نے طالبان سے وابستگی کا ذکر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ‏ ٹیکساس میں ایک اور افغان شہری دہشت گردی کے الزام میں گرفتار

امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ ملک کو خطرناک اور غیر تصدیق شدہ پس منظر رکھنے والے عناصر سے محفوظ رکھنا ضروری ہے اور ایسے تمام افراد کو سزادہ ہونے کی صورت میں ان کے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

Scroll to Top