وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلد نااہل ہو جائیں گے، فیصل واوڈا کا دعویٰ

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلد نااہل ہو جائیں گے، فیصل واوڈا کا دعویٰ

سینیٹر فیصل واوڈا نے سہیل آفریدی کے جلد نااہل ہونے کا دعویٰ کردیا ، انہوں نےمزید کہا کہ صوبے میں گورنرراج بھی لگ سکتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک گفتگو کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جلد نااہل ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال دیکھتے ہوئے گورنر راج کے نفاذ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی ماحول میں مزید انتشار پیدا کیا یا صورتحال میں کسی قسم کی خرابی پیدا کی تو صوبائی حکومت کو غیر مستحکم ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا، اور ایسی صورت میں گورنر راج لگایا جانا بھی ممکن ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ متعلقہ اداروں کے پاس ایسے افراد کی فہرستیں تیار موجود ہیں جو بیرونِ ملک بیٹھ کر سیاسی بیانات دے رہے ہیں اور ملکی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بہت جلد ان عناصر کے خلاف کارروائی سامنے آئے گی۔

معروف قانونی ماہر سلمان اکرم راجا نے بھی خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی اور انتظامی چیلنجز کے پیش نظر گورنر راج کے نفاذ کا امکان موجود ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ آئینی طور پر انتہائی حساس اور پیچیدہ معاملہ ہے، جسے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ دیکھنا ہوگا۔

سیاسی ماہرین کے مطابق فیصل واوڈا کے اس دعوے نے نہ صرف صوبائی سیاسی ماحول میں نئی ہلچل پیدا کر دی ہے بلکہ خیبرپختونخوا کی آئندہ سیاسی سمت کے بارے میں بھی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Scroll to Top