ٹرمپ کو فیفا امن ایوارڈ سے نوازا گیا، عالمی سطح پر کوششیں سراہیں گئیں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کی جانب سے امن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

یہ اعزاز انہیں اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب میں دیا گیا۔

تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ٹرمپ کو امن ایوارڈ پیش کیا۔ فیفا کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے عالمی امن کیلئے غیرمعمولی کوششیں کی ہیں، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس پرائز کے مضبوط امیدوار ہیں۔

ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے کانگو، بھارت، پاکستان اور دیگر خطوں میں جنگ کے امکانات کو بروقت روکا اور لاکھوں جانیں محفوظ رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر سفارتکاری اور بروقت اقدامات انسانی جانیں بچانے اور تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور یہ ایوارڈ اسی کوشش کا اعتراف ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے بھی ٹرمپ کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اعزاز فٹبال اور عالمی امن دونوں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت سمیت 8 جنگیں رکیں، مجھے نوبل انعام ملنا چاہیے، امریکی صدر

 یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں نوبیل انعام نہیں ملا، حالانکہ انہوں نے مختلف جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کہا گیا کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ رک جائے تو انہیں نوبیل انعام ملے گا، لیکن یہ نہیں دیکھا گیا کہ پاک بھارت جنگ اور دیگر آٹھ جنگیں بھی رُکی ہوئی تھیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا مجھے ہر جنگ روکنے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے، لیکن میں لالچی نہیں بننا چاہتا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نوبیل انعام پانے والی ایک خاتون نے انہیں بھی نوبیل انعام کا حق دار قرار دیا۔

Scroll to Top