وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے طلبہ کے لیے مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو چیلنج بھی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے برابر طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح خیبر پختونخوا میں شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت دی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب بھی یہی سہولت اپنے عوام کو دے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس موجود ہے اور یہ واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ہدف حاصل کیا، جبکہ پنجاب حکومت 300 ارب روپے سرپلس کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور الٹا 146 ارب روپے خسارے میں چلی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس کی سہولت فراہم کی، اب لائف انشورنس بھی دی جا رہی ہے، لہٰذا پنجاب حکومت کو بھی اپنی عوام کو یہ سہولیات دینی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز چاہتی ہیں عمران خان انہیں خط لکھیں ، یہ انکی حسرت ہی رہیگی ، بیرسٹر سیف
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا جبکہ پنجاب صرف 12 فیصد تک محدود رہا۔ اس کے علاوہ صوبے میں 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی جا رہی ہیں اور ہر بچی کو 2 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔
آخر میں علی امین گنڈاپور نے مریم نواز کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی کارکردگی خیبر پختونخوا کے 1 فیصد کے برابر بھی نہیں اور وہ اس پر مناظرے کے لیے تیار ہیں۔