گورنر ہاؤس پشاور میں “ریوائیو پاکستان” سیمینار کا انعقاد

پشاور : گورنر ہاؤس پشاور میں “ریوائیو پاکستان” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کیا تھا۔

سیمینار میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ملکی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔

اس سیمینار میں پشاور سمیت ملک بھر سے چیمبر کے عہدیداروں، تاجر برادری اور معاشی ماہرین نے خطاب کیا اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت نے گورنر ہاؤس میں اس اہم سیمینار کی میزبانی کی۔

تقریب میں راولپنڈی چیمبر اور تاجر برادری کی جانب سے گورنر فیصل کریم کنڈی کو “فرینڈ آف بزنس کمیونٹی” کا خطاب بھی دیا گیا۔ گورنر نے اس خطاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اقتصادی ماڈلز میں تبدیلی لائیں اور ملک بھر میں شفاف کاروباری ماحول کو فروغ دیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ “ہم سب کا مشترکہ مفاد ملک کی ترقی و خوشحالی میں ہے۔ خیبر پختونخوا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم نامساعد حالات کے باعث یہاں کاروباری طبقہ اور سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔”

یہ بھی پڑھیں: گورنر ہائوس پشاور میں تقریب حلف برداری

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی اقتصادی ترقی کے لیے ہمیں اپنے نوجوانوں کو کاروباری مواقع اور سہولتیں فراہم کرنی ہوں گی، خصوصاً خیبر پختونخوا کی تعلیم یافتہ خواتین کو جو ملازمتیں نہیں کر سکتیں، انہیں زاتی کاروبار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

سیمینار کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا نے راولپنڈی چیمبر کی جانب سے بزنس کمیونٹی میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے اور ملکی اقتصادی ترقی کے لیے تاجر برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔

Scroll to Top