اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے، لیہ سے تعلق رکھنے والے اہم سیاسی رہنما سجاد حسین المعروف سجن خان نے پارٹی چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سجن خان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران باقاعدہ پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر بلاول بھٹو نے انہیں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سے دربار حضرت سلطان باہو کے گدی نشین صاحبزادہ نجیب سلطان نے بھی ملاقات کی اور پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پارٹی قیادت نے اس حمایت کو اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا۔
اسی سلسلے میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ عاصم نواز اور سابق سٹی ناظم طاہر اعوان نے بھی بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر راج سے بہتر آئینی راستے اختیار کیے جائیں، عبدالغفور حیدری
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ رہنما اپنے اپنے علاقوں میں مضبوط سیاسی اثر رکھتے ہیں، جس سے پیپلزپارٹی کی انتخابی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پی ٹی آئی کو بڑا نقصان ہوا تھا، جب تحریک انصاف آزاد کشمیر کے تحصیل صدر میجر (ر) طارق محمود نے ایک پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کیلئے یہ حالیہ انشقاقات تشویشناک ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب پارٹی پہلے ہی شدید اندرونی اختلافات اور تنظیمی مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔





