دبئی چیمبر آف کامرس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، 2024 میں پاکستانی کمپنیوں نے دبئی میں اپنے کاروباری قدم مزید مستحکم کیے ہیں۔
دبئی چیمبر کی رپورٹ کے مطابق 8 ہزار 179 نئی پاکستانی کمپنیوں نے 2024 میں چیمبر آف کامرس میں رجسٹریشن کرائی، جس کے بعد پاکستان نئے کاروباری ممبران کی تعداد میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت 16 ہزار 623 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جب کہ مصر 5 ہزار 302 نئی کمپنیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آیا۔ یہ اعداد و شمار دبئی میں پاکستانی کاروباری طبقے کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا غماز ہیں، جو عالمی سطح پر اپنی کاروباری سرگرمیاں پھیلانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق، دبئی میں پاکستانی کمپنیوں کی تعداد میں یہ اضافہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے اور اس سے نہ صرف اقتصادی ترقی میں بہتری آئے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تجارتی تعلقات میں بھی اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے
دبئی میں رجسٹر ہونے والی پاکستانی کمپنیوں میں سب سے زیادہ 41.1 فیصد رجسٹریشنز تجارت اور سروسز کے شعبے میں ہوئی ہیں، اس کے بعد ریئل اسٹیٹ، کرائے اور بزنس سروسز کے شعبے میں 32.9 فیصد نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ تعمیرات کے شعبے میں 10.5 فیصد، جب کہ ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن میں 8.4 فیصد کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔