خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گھریلو گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، عدم دستیابی اور انتہائی کم پریشر نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے جہاں بالخصوص صبح کے اوقات میں گیس غائب ہونے کے باعث ہزاروں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔
صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ معصوم بچے بغیر ناشتہ کیے اسکول جانے پر مجبور ہیں جبکہ سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین خالی پیٹ دفاتر کا رخ کر رہے ہیں جس پر شہریوں نے سوئی گیس حکام کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزیر پٹرولیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پشاور کے مختلف رہائشی علاقوں میں گھریلو گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر کے سنگین مسئلے نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔
شہریوں کے مطابق صبح سویرے جب گھروں میں خواتین بچوں اور اہلِ خانہ کے لیے ناشتہ تیار کرنے کی کوشش کرتی ہیں تو پائپ لائنوں میں گیس سرے سے غائب ہوتی ہے یا پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ چولہا جلانا ناممکن ہو جاتا ہے جس کے باعث گھریلو خواتین کو شدید ذہنی کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گیس کی اس بدترین عدم دستیابی کا سب سے زیادہ خمیازہ اسکول جانے والے معصوم بچوں اور ملازمت پیشہ افراد کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
متعدد علاقوں میں بچے صبح کے وقت بغیر ناشتہ کیے بھوکے پیٹ اسکول روانہ ہونے پر مجبور ہیں جبکہ سرکاری اور نجی شعبوں میں خدمات انجام دینے والے شہری بھی ناشتے کے بغیر ہی دفاتر اور کام کی جگہوں پر جا رہے ہیں۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب کمر توڑ مہنگائی نے روزمرہ کے گھریلو اخراجات چلانا محال کر رکھا ہے تو دوسری جانب ایل پی جی اور لکڑی سمیت متبادل ایندھن کی ہوشربا قیمتوں نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے جس کے باعث متبادل ذرائع استعمال کرنا بھی عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافے کے باوجود انہیں گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
عوام نے سوئی ناردرن گیس حکام کی کارکردگی اور ناقص انتظامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ افسران کو عوامی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دلچسپ مشورہ:ٹرینی ڈاکٹروں کو بڑے امتحان میں ڈال دیا!
پشاور کے شہریوں نے وفاقی حکومت، وزیر پٹرولیم اور سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بالخصوص صبح و شام کے اوقات میں گیس کا مناسب پریشر بحال کیا جائے تاکہ بچوں کو بغیر ناشتے اسکول اور شہریوں کو خالی پیٹ دفاتر نہ جانا پڑے۔





