پشاور کے معروف تدریسی اسپتال حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کی انتظامیہ نے ایک غیر معمولی اور منفرد نوعیت کا آفس آرڈر جاری کرتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں (پی جی ٹیز) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ریزیڈنسی تربیت مکمل ہونے تک شادی مؤخر کر دیں۔
میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد خان کے دفتر سے جاری ہونے والے اس مراسلے میں ٹرینی ڈاکٹروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، تعلیم اور تحقیق پر مرکوز رکھیں جبکہ اس انوکھے حکم نامے نے سوشل میڈیا پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کی انتظامیہ کی جانب سے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کے لیے جاری کردہ ایک تازہ آفس آرڈر عوامی و طبی حلقوں میں غیر معمولی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
میڈیکل ڈائریکٹر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر خالد خان کے دفتر سے جاری ہونے والے اس مراسلے میں ٹرینی ڈاکٹروں کو دورانِ تربیت شادی جیسے ذاتی معاملات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے متن کے مطابق تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ریزیڈنسی کے دوران کلینیکل ڈیوٹیز، مریضوں کی دیکھ بھال، تعلیمی سرگرمیوں اور تحقیقی تقاضوں کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
انتظامیہ نے اپنے مراسلے میں ٹرینی ڈاکٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریزیڈنسی تربیت کی تکمیل تک شادی جیسے ذاتی امور کو مؤخر رکھیں اور ساتھ ہی اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ تمام ٹرینی ڈاکٹر اس مشورے پر مثبت انداز میں عمل کریں گے۔
اس آفس آرڈر کی نقول باضابطہ طور پر تمام پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ایسوسی ایٹ ڈین، متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان اور نگران سپروائزرز کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے 2027 میں تنخواہوں میں اضافے کا بڑا فیصلہ!
طبی و تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ عام طور پر اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے حاضری، ڈیوٹی کے اوقات کار اور پیشہ ورانہ کارکردگی سے متعلق ہدایات جاری کی جاتی ہیں تاہم حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے اس مراسلے میں شادی جیسے اہم ذاتی فیصلے کو شامل کیے جانے کے باعث اسے ایک غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آراء اور تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔





