متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں روزگار کے سلسلے میں مقیم لاکھوں پاکستانی محنت کشوں اور پیشہ ور افراد کے لیے سال 2027 معاشی بہتری اور نئے مواقع کی امید لے کر آ رہا ہے کیونکہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق امارات کی تقریباً 46 فیصد کمپنیوں نے آئندہ سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
رپورٹ میں نہ صرف تنخواہوں میں اوسطاً 2.8 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے بلکہ 42 فیصد اداروں کی جانب سے نئی بھرتیوں کا عندیہ بھی دیا گیا ہے، جس سے پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے خوشگوار امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ابوظہبی سے سامنے آنے والی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کو سال 2027 میں تنخواہوں میں اضافے کی صورت میں نمایاں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امارات کی تقریباً 46 فیصد کمپنیاں 2027 میں اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اوسطاً 2.8 فیصد اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تنخواہوں میں ردوبدل کا ارادہ رکھنے والے زیادہ تر آجروں کی جانب سے 1 سے 5 فیصد تک اضافہ متوقع ہے جبکہ 42 فیصد کمپنیاں موجودہ مرحلے میں تنخواہوں کو موجودہ سطح پر ہی برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اگر تنخواہوں میں متوقع اوسط اضافے یعنی 2.8 فیصد کے حساب سے دیکھا جائے تو مختلف آمدن والے ملازمین کی ماہانہ تنخواہ میں کچھ یوں اضافہ ہو سکتا ہے:
ماہانہ 3,000 درہم کمانے والے ملازمین کو 84 درہم اضافی مل سکتے ہیں۔
ماہانہ 5,000 درہم تنخواہ لینے والوں کو 140 درہم کا اضافہ حاصل ہو سکتا ہے۔
ماہانہ 10,000 درہم کمانے والے ملازمین کی تنخواہ میں 280 درہم تک کا اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں سال 2027 کے دوران متحدہ عرب امارات کی جاب مارکیٹ کے حوالے سے بھی روشن تصویر پیش کی گئی ہے جس کے تحت 42 فیصد فرمز نے آئندہ سال نئے کارکنوں کی بھرتی کے منصوبے تیار کیے ہیں جبکہ مزید 32 فیصد ادارے اپنے موجودہ ملازمین کو برقرار رکھنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مسافروں کا تحفظ یقینی بنانااولین ترجیح:خیبرپختونخوا حکومت کا اوورلوڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن،بھاری جرمانے عائد!
مجموعی طور پر نئی بھرتیوں میں اوسطاً 0.9 فیصد اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے اور رپورٹ کے مطابق رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے روزگار کے سب سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق تنخواہوں میں متوقع بہتری اور نئی بھرتیوں کے یہ رجحانات یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سازگار مواقع لا سکتے ہیں تاہم حتمی فائدہ متعلقہ آجر اور کمپنی کی پالیسیوں سے مشروط ہوگا۔





