وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے علاقے تنگی میں پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور قومی فریضے پر حملہ قرار دیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور کیفر کردار تک پہنچانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
سہیل آفریدی نے زور دیا کہ معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے پولیو مہم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں شرپسندوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دیجس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف تھی۔





