وزیر اعلیٰ کے سکیورٹی گارڈ کے بھائی کو بھرتی نہ کرنے پر گریڈ 20 پروفیسر کا تبادلہ

وزیر اعلیٰ کے سکیورٹی گارڈ کے بھائی کو بھرتی نہ کرنے پر گریڈ 20 پروفیسر کا تبادلہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے سکیورٹی گارڈ عارف کے بھائی کو کلاس فور کی نوکری نہ دینے پر گریڈ 20 کے پروفیسر ڈاکٹر امداد اللہ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

پروفیسرڈاکٹر امداد اللہ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں الزام عائد کیا کہ انہیں اس بھرتی کے لیے شدید دباؤ ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن اور دیگر اہلکاروں کی جانب سے ڈالا گیا۔

ڈاکٹر امداد اللہ کے مطابق، کالج انتظامیہ کے اجلاس میں بھرتی کے معاملے پر فیصلہ کیا گیا اور انہوں نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے بھرتی سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں ان کا تبادلہ عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے اپنے تبادلے پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ’’گریڈ 20 کے پروفیسر سے بہتر تھا کہ میں ایک سکیورٹی گارڈ ہوتا‘‘

پروفیسر کا یہ بیان تعلیمی حلقوں میں ہنگامہ پیدا کر رہا ہے اور اس واقعے نے سرکاری بھرتیوں میں غیر رسمی دباؤ کے مسائل پر سوالات کو جنم دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات تعلیمی اداروں میں شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے لیے چیلنج ہیں۔

ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن نے اس بارے میں ابھی کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے جبکہ کالج انتظامیہ نے کہا ہے کہ تبادلہ قواعد و ضوابط کے تحت کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر عوامی اور تعلیمی حلقوں میں یہ سوال اٹھا رہا ہے کہ کیا طاقت اور اثرورسوخ میرٹ پر مقدم ہو رہا ہے یا نہیں۔

Scroll to Top