سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری

سعودی: سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد پہاڑی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

عرب میڈیا کے مطابق ریاض سے شمال کی جانب واقع تبوک کے مشہور پہاڑی علاقے جبلِ لوز اور اس کے اطراف میں برف باری ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

سعودی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید برف باری اور سرد موسم کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ریاض کے شمالی علاقوں اور صوبہ القصیم کے بعض حصوں میں بھی برف باری ہو سکتی ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے کہیں زیادہ کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث سفری مشکلات اور سرد موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سی ایس ایس کا امتحان دینےکے خواہشمندوں کے لئے خوشخبری

حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موسمی ماہرین کے مطابق تبوک اور گرد و نواح میں ہونے والی برف باری نہ صرف سرد موسم کی شدت کا عندیہ ہے بلکہ یہ سیاحتی سرگرمیوں کے لیے بھی کشش کا باعث بن سکتی ہے۔

تاہم متعلقہ اداروں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top