اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری سے وفاقی سیکریٹری اطلاعات ونشریات اشفاق احمد خلیل کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد ادارے میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنا اور جاری امور کے متاثر ہونے سے بچانا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو یہ اضافی ذمہ داری ریگولر ایم ڈی کی تعیناتی تک دی گئی ہے، جس کے تحت وہ آئندہ تین ماہ تک پی ٹی وی کے انتظامی امور دیکھیں گے۔
اس دوران مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے متعلقہ حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ثمینہ بیگ نے برفانی چیلنج عبور کر کے جنوبی قطب میں پاکستان کا پرچم لہرا دیا
واضح رہے کہ اشفاق احمد خلیل اس سے قبل بھی پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج سنبھال چکے ہیں اور ان کی سابقہ خدمات کے پیش نظر انہیں دوبارہ یہ اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس عبوری مدت میں سیکریٹری اطلاعات ہی ادارے کے انتظامی معاملات کی نگرانی کریں گے تاکہ پی ٹی وی کے روزمرہ کام اور پروگرام نشر کرنے کے عمل میں کوئی خلل نہ آئے۔
اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔





