اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر 25 دسمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تمام دفاتر بند رہیں گے جبکہ کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، مائیکروفنانس بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں میں بھی معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
ملک بھر میں بینک برانچز میں لین دین کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی اور کلیئرنگ و سیٹلمنٹ سمیت بینکنگ آپریشنز بھی معطل رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے عوام اور کاروباری طبقے کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی مالی لین دین اور بینکنگ معاملات تعطیل سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
مرکزی بینک کے مطابق تعطیل کے دوران اے ٹی ایم مشینیں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی، تاہم بعض مقامات پر تکنیکی یا انتظامی وجوہات کی بنا پر عارضی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آن لائن بینکنگ، موبائل ایپس اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع بینکوں کی پالیسی کے مطابق دستیاب رہیں گے۔





