قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کے افکار آج کے قومی چیلنجز کے تناظر میں بھی مکمل اور واضح رہنمائی فراہم کرتے ہیں، اور ان اصولوں پر عمل ہی پاکستان کو درپیش مسائل کا پائیدار حل ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم محض نعرے نہیں بلکہ ایک مؤثر، منصفانہ اور مضبوط طرزِ حکمرانی کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نظریۂ پاکستان ایک ایسی ریاست کا تقاضا کرتا ہے جو انصاف، خودداری اور عوامی فلاح پر مبنی ہو۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے نظریۂ پاکستان کو فلاحی ریاست کے عملی تصور سے جوڑا، جبکہ ان کی سیاست کا محور قائداعظم کا تصورِ ریاست اور قومی خودمختاری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کا تحفظ ہی قومی استحکام اور مضبوط مستقبل کی ضمانت ہے۔
وزیراعلیٰ نے بھارت کی انتہا پسند سوچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ قیامِ پاکستان ایک ناگزیر تاریخی فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والے مظالم عالمی ضمیر کے لیے ایک کھلا سوال ہیں۔
اپنے پیغام میں سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت قائداعظم کے اصولوں کو عملی طور پر حکمرانی کا حصہ بنا رہی ہے، جہاں شفافیت، میرٹ اور عوامی فلاح کو حکومتی ترجیحات میں اولین حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی، میرٹ اور سماجی انصاف کے بغیر کوئی بھی ریاست مضبوط نہیں ہو سکتی۔





