متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدرشیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
جاری اعلامیہ کےمطابق ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق اور دوطرفہ تعاون کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں سرمایہ کاری،توانائی، انفرا اسٹرکچر اور آئی ٹی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا جبکہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پر،عوامی روابط اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کردیا
وزیراعظم اور صدر یو اے ای نے علاقائی وعالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں امن،استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف پر اتفاق کیا گیا ۔
قبل ازین وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔
فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ سید عاصم منیر سمیت وفاقی وزراء نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا۔
اماراتی صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اماراتی صدر کا یہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔





