لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لاہور کے دورے پر پاکستان کا یورپ دیکھنے آئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا لاہور میں خیرمقدم کرتے ہیں اور انہیں دعوت دی کہ وہ لاہور کی خوبصورتی دیکھیں، روٹی کھائیں اور تصاویر کھینچیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی جو کچھ پنجاب میں دیکھیں، اسے خیبر پختونخوا میں لاگو کریں، لیکن انہیں بدزبانی، فساد یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پنجاب یا لاہور میں کسی سیاسی سرگرمی کے بہانے اسلحہ یا منشیات لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلی بار جب علی امین گنڈاپور لاہور آئے تھے تو انہیں ہر ممکن سہولت دی گئی تھی۔ لاہور پولیس نے آج وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے عملے سے رابطہ کیا، جس کا کوئی جواب نہیں ملا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مہمانوں کی تواضع کی جائے گی لیکن مہمان بھی مہمان بنیں۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی لاہور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی مذاکرات اور مزاحمت ایک ساتھ کرتی ہے، گورنر خیبر پختونخوا
اسمبلی سیکرٹریٹ نے سہیل آفریدی اور ان کے وفد کے داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے کہا کہ سہیل آفریدی کی آمد پر سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں اور اگر کوئی بدتمیزی کرے تو احتجاج کیا جائے گا۔
ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے بھی کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لاہور آمد کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی اور پنجاب اسمبلی میں وہ بلا تعطل شرکت کریں گے۔





