خیبر پختونخوا میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے تبادلوں کا اعلامیہ جاری

پشاور: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد انتظامی سطح پر بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تبدیلیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

 خیبر پختونخوا کے چھ مختلف ڈویژنز میں کمشنرز جبکہ متعدد اضلاع میں نئے ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتیاں کر دی گئی ہیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمشنر بنوں خالد محمود کو کمشنر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ تعیناتی کے منتظر احمد علی شاہ کو کمشنر مردان مقرر کیا گیا ہے۔

سابق سیکریٹری ڈی آئی خان سمیع اللہ کو کمشنر بنوں اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ شاکر اللہ کو کمشنر ہزارہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی جوائنٹ سیکریٹری اقبال حسین کو کمشنر ملاکنڈ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

 اس انتظامی ردوبدل کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری زراعت پرویز کشر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ کمشنر پشاور ریاض خان محسود اور کمشنر مردان حبیب اللہ خان کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاورمیں اہم اجلاس آج طلب، بڑے فیصلے متوقع، وفاقی وزیر داخلہ بھی پشاور پہنچ گئے

 اس کے علاوہ کمشنر ہزارہ شاہد اللہ اور کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔دوسری جانب صوبے کے مختلف اضلاع میں بھی ڈپٹی کمشنرز کے بڑے پیمانے پر تبادلے کیے گئے ہیں۔

 پشاور میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ثنا اللہ کو تبدیل کر کے ان کی جگہ آفاق وزیر کو نیا ڈپٹی کمشنر پشاور مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چارسدہ میں فضل رحیم کی جگہ منصور ارشد کو ضلع کے انتظامی امور سونپے گئے ہیں۔

مردان میں واصف الرحمان کی جگہ اسپیشل سیکریٹری بلدیات شاہ سعود کو ڈی سی تعینات کیا گیا ہے، اور بنوں میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری ریلیف ضیا الرحمان کو نیا ڈپٹی کمشنر بنوں مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کرک میں اسد سرور کی جگہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ حامد اقبال کو ڈی سی کرک تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ایبٹ آباد میں سرمد سلیم کو تبدیل کر کے ایڈیشنل سیکریٹری توانائی بہزاد عادل کو ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی نئی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

Scroll to Top