بنگلہ دیش کی تصویروں سے انقلاب نہیں آتا، عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ پر طنز

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ پر طنز، تحریک کو ناکام قرار دے دیا۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے چلائی گئی مبینہ اسٹریٹ موومنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مکمل طور پر ناکام قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماشاءاللہ اسٹریٹ موومنٹ! کل رات سے بنگلہ دیش کی تصویریں لگا کر خوشیاں منائی جا رہی تھیں، مگر آج دن کی روشنی میں اس موومنٹ کا پول کھل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کے دعوے کرنے والوں کو نعروں کا جواب دینے والا بھی کوئی نہیں ملا، جو اس تحریک کی حقیقت کو واضح کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہت سیر کر لی پاکستان کے یورپ لاہور کی، اب خدا کے لیے واپس تشریف لے جائیں اور لاہور کو سکھ کا سانس لینے دیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے لاہور کو صرف پروٹوکول میں ہی دیکھا ہے اور اب انہیں چاہیے کہ واپس جا کر خیبر پختونخوا کے عوام کی داد رسی کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول نے پی ٹی آئی کو آئینہ دکھا دیا، دو ٹوک پیغام نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے مزید کہا کہ وہاں کے لوگوں کی بات سنیں اور ان کے مسائل پر بھی توجہ دیں۔

Scroll to Top