کرک کے سرحدی پہاڑی سلسلے میں واقع تھانہ خرم کی حدود کرکنڈوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
آر پی او کوہاٹ نے کہا کہ یہ آپریشن ان کی براہ راست نگرانی میں جاری ہے، کارروائی میں بھاری پولیس نفری کے ساتھ خفیہ اداروں نے بھی حصہ لیا ہے جبکہ ڈی ایچ او کرک سعود خان بھی موقع پر موجود ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد پہاڑی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں پہاڑی علاقے میں پڑی ہوئی ہیں جبکہ ان کے ساتھی دہشت گرد لاشوں کو ساتھ لے جانے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ تا خرلاچی ٹرین کے نئے ٹریک کےمعاملے پر بڑی پیش رفت
حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور مزید پیش رفت سے متعلق معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔





