عمران خان اور نواز شریف ایک جیسے ہیں ،بارہ سو سال بھی حکومت کر لیں، پشتونوں کی قسمت نہیں بدلے گی، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پشتونوں کے لیے عمران خان اور نواز شریف میں کوئی فرق نہیں، چاہے وہ بارہ سو سال بھی حکومت کر لیں، پشتونوں کی قسمت نہیں بدلے گی۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے شہیدِ امن بشیر احمد بلور کی 13ویں برسی کے موقع پر نمک منڈی چوک پشاور میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کہا اور کہا پشتونوں کی ترقی، امن، تعلیم، تجارت، برابری، حقوق، روزگار اور قدرتی وسائل کا واحد ضامن عوامی نیشنل پارٹی ہے۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ بشیر احمد بلور شہید، ہارون بلور شہید اور وہ تمام شہداء جنہوں نے اس قوم کے لیے چٹان کی طرح میدان میں کھڑے ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہماری جدوجہد کا سرمایہ ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی صرف اپنے پارٹی شہداء کو نہیں بلکہ ہر اُس فرد کو شہید مانتی ہے جس نے امن کے قیام اور انتہا پسندی کے خلاف قربانی دی۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم اپنے تمام شہداء کو فخر کے ساتھ یاد کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل میڈیا میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ بلور خاندان اے این پی سے الگ ہو گیا ہے، لیکن آج یہ حقیقت سب پر عیاں ہو چکی ہے کہ بلور خاندان اے این پی کا ماضی بھی ہے، حال بھی اور مستقبل بھی۔

انہوں نے کہا کہ حاجی غلام احمد بلور اور خان عبدالغفار خان (باچا خان) کے فرزند ولی خان ایک دوسرے کے سائے میں رہے، اور ان کی دوستی اور رفاقت تاریخ کی مثال بن چکی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ولی باغ اور بلور ہاؤس باچا خان کے فکر اور نظریے کے امین رہیں گے، وہ اس قوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سب سے مظلوم طبقہ سیاست دان ہے، غلام احمد بلور

سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کوئی ایسی جماعت نہیں جو کسی ڈرائنگ روم میں بنائی گئی ہو اور کسی ایک فرد کے جانے سے ختم ہو جائے، اے این پی ہمارے اکابرین نے گاؤں کی گلیوں اور کچے راستوں میں بنائی ہے اور جب تک یہ گلیاں اور راستے باقی رہیں گے، اے این پی بھی قائم رہے گی، انہوں نے کہا کہ اے این پی ایک سو سالہ تحریک ہے اور یہ ہمیشہ زندہ رہے گی۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے مزہد کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

Scroll to Top