اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن اتھارٹی (NCCIA) نے نئے سال کے آغاز پر شہریوں کو آن لائن فراڈیوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق نئے سال کی آمد کے موقع پر جعلی مبارکباد کے لنکس اور تحائف کے پیغامات وائرل ہو رہے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو دھوکہ دینا اور حساس معلومات حاصل کرنا ہے۔
این سی سی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی انجان لنک پر کلک نہ کریں اور اپنا واٹس ایپ کوڈ یا دیگر نجی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنی خوشیوں کو ہیکرز کی نظر سے محفوظ رکھیں اور فراڈیوں سے بچاؤ کے اقدامات اختیار کریں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق سائبر کرائمز کے عناصر واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے نئے سال کی مبارکباد کے جعلی کارڈز بھیج رہے ہیں، جن میں موبائل ہیک کرنے کے لیے میلویئر یا خطرناک لنکس شامل ہوتے ہیں۔
صارفین کو یہ پیغامات اکثر اس طرح موصول ہوتے ہیں کہ مبارکباد حاصل کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
ایسے لنکس پر کلک کرنے سے صارف کے موبائل میں موجود ڈیٹا، تصاویر، فون نمبرات اور بینک کھاتوں کی تفصیلات سائبر مجرمین کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : روس-یوکرین مذاکرات کے لیے کوئی ڈیڈلائن نہیں، امن معاہدہ قریبی مرحلے میں داخل، ٹرمپ
این سی سی آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف معتبر ذرائع سے موصول ہونے والے لنکس یا فائلز پر بھروسہ کریں اور کسی بھی مشکوک پیغام کو نظر انداز کریں۔
این سی سی آئی اے نے مزید کہا کہ موبائل اور کمپیوٹر کے سیکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں، مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں اور غیر ضروری لنکس یا ای میل اٹیچمنٹس کھولنے سے گریز کریں۔





