شارجہ میں پاکستانی نوجوان کا شاندار کارنامہ، یوتھ کیمل ریس جیت لی

دبئی: شارجہ میں منعقد ہونے والے 54ویں شیخ محمد بن زاید کیمل ریسنگ فیسٹیول میں پاکستانی نوجوان احسن یاسین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوتھ کیمل ریس اپنے نام کر لی۔

بین الاقوامی سطح کے اس ایونٹ میں دنیا کے 50 سے زائد ممالک کے نوجوانوں نے شرکت کی، تاہم 18 سالہ پاکستانی احسن یاسین نے 2 کلومیٹر کی ریس جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

کامیابی پر انہیں گولڈن کیمل ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ انعامی رقم کے طور پر 50 ہزار درہم، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 لاکھ روپے بنتی ہے، بھی دی گئی۔

ریس کے آغاز پر احسن یاسین چھٹی پوزیشن پر موجود تھے، تاہم اپنی مہارت، رفتار اور بہترین حکمتِ عملی کی بدولت انہوں نے ایک ایک کر کے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

احسن یاسین نے 2 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 3 منٹ 47 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ احسن یاسین نہ صرف کھیل کے میدان میں متحرک ہیں بلکہ وہ انجینئرنگ کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی رویے پر آئی سی سی کو خط، پی سی بی کا سخت مؤقف سامنے آگیا

اس کے ساتھ ساتھ وہ دبئی کے ہیرٹیج سینٹر میں کیمل ریسنگ کی باقاعدہ تربیت بھی حاصل کرتے ہیں۔

احسن یاسین کی اس کامیابی کو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور محنت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس کارنامے پر پاکستانی کمیونٹی اور کھیلوں کے حلقوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top