پچاسویں چیف آف آرمی اسٹاف پولو اور نیزہ بازی چیمپئن شپ 2025 اختتام پذیر، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔
تفصیلات کے مطابق پچاسویں چیف آف آرمی اسٹاف پولو اور نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) چیمپئن شپ 2025 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، اعلیٰ عسکری و سول حکام کے علاوہ کھیلوں سے محبت رکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 8 ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں پشاور کور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گوجرانوالہ کور دوسری پوزیشن پر رہی۔
اختتامی تقریب کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین پاکستان پولو فیڈریشن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور جسمانی فٹنس کے لیے نہایت اہم ہیں
آئی ایس پی آر کے مطابق پولو اور ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ پاک فوج کی کھیلوں سے وابستگی، شاندار روایات، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی کی عکاس ہے۔ ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد نہ صرف کھیلوں کو فروغ دینا ہے بلکہ ٹیم ورک، قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔
تقریب کے اختتام پر شائقین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خوب سراہا اور چیمپئن شپ کو ایک کامیاب اور یادگار ایونٹ قرار دیا۔





