خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کا پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو خط

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کا پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کو خط،پنجاب اسمبلی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سرکاری وفد کے دورہ پنجاب اسمبلی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پیشگی سرکاری رابطوں اور تمام ضروری انتظامات کے باوجود وفد کو غیر ضروری رکاوٹوں، غیر پیشہ ورانہ رویے اور پارلیمانی آداب کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپیکر کے مطابق وفد کے اراکین کو بار بار سیکیورٹی چیک، جارحانہ سوالات اور نامناسب طرزِ عمل کا سامنا کرنا پڑا، جو پارلیمانی روایات کے منافی ہے۔

خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفد کے اراکین کو پنجاب اسمبلی کی عمارت کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکا گیا اور مبینہ طور پر دھکے دیے گئے، جو ایک منتخب عوامی وفد کے وقار کے خلاف ہے۔

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اس رویے کو آئینی تقاضوں، جمہوری اقدار اور پارلیمانی روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح اور مؤثر ہدایات جاری کی جائیں۔

بابر سلیم سواتی نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے واقعات صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، باہمی احترام اور وفاقی تعاون کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ خط کی نقول چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

Scroll to Top