بادلوں کی ہلچل، بارش اور برفباری کی پیشگوئی، سردی نے حدیں پار کر دیں

بادلوں کی ہلچل، بارش اور برفباری کی پیشگوئی، سردی نے حدیں پار کر دیں

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک، بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ کراچی میں رات گئے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، ضیاء الدین احمد روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور سول لائنز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد اور جامشورو میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں بھی بادل برس رہے ہیں۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری، راولپنڈی، جھنگ، شیخوپورہ، ساہیوال، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولنگر میں بھی بارش متوقع ہے۔

ملک کے دیگر حصوں میں بھی موسمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ اوکاڑہ، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور، رحیم یار خان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں مزید بارش متوقع ہے، جبکہ نوشکی، ژوب، قلات، بارکھان اور موسیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

شمالی علاقوں میں بھی موسم سرگرم ہے۔ مردان، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، پشاور، وزیرستان، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے، جبکہ سوات کے میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔ شہری علاقوں میں رم جھم کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

انتظامیہ نے برفباری اور شدید موسم کے دوران ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کی تبدیلیوں سے خبردار رہیں۔

Scroll to Top