الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث دو افراد گرفتار

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں غیر قانونی بھرتیوں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں تیمور احمد اور شہنشاہ شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق تیمور احمد الیکشن کمیشن میں سابق اسسٹنٹ جبکہ شہنشاہ سینئر اسسٹنٹ کے طور پر تعینات رہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تیمور احمد سابق صوبائی الیکشن کمشنر کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر اپنے والد کے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے ملازمت حاصل کی۔

تحقیقات کے دوران ملزم کے بھرتی ریکارڈ میں جعل سازی اور سرکاری دستاویزات میں رد و بدل کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق دوسرے ملزم شہنشاہ نے بھی اپنے بیٹے کی بطور اسسٹنٹ غیر قانونی بھرتی میں سہولت کاری کی۔

دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سرکاری اداروں میں میرٹ کی خلاف ورزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top