جرمنی میں قبل از وقت انتخابات: سی ڈی یو کی برتری، فریڈرک میرز چانسلر بننے کے قریب

جرمنی میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) نے برتری حاصل کر لی۔

فریڈرک میرز کی قیادت میں سی ڈی یو کو تقریباً 29 فیصد ووٹ ملے، جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت متبادل برائے جرمنی (اے ایف ڈی) نے 20 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسری بڑی جماعت کی حیثیت حاصل کی۔

سابق چانسلر اولاف شولز کی جماعت ایس پی ڈی کو صرف 16 فیصد ووٹ ملے اور شولز نے اپنی شکست تسلیم کر لی۔ گرین پارٹی نے 12.3 فیصد ووٹ حاصل کیے اور چوتھے نمبر پر رہی۔

فریڈرک میرز کی قیادت میں سی ڈی یو کی کامیابی نے انہیں جرمنی کا نیا چانسلر بننے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ میرز نے سابق چانسلر انجیلا مرکل کی پالیسیوں سے مختلف سمت اپنانے کا اعلان کیا اور یورپ کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کو امریکہ پر انحصار کم کر کے اپنی دفاعی طاقت کو بڑھانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں ترکیہ میں 2024 سیاحت کیلئے کامیاب ترین سال، آمدن کیا رہی؟

نیٹو کے سربراہ مارک روٹے نے فریڈرک میرز کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ سلامتی کے امور پر میرز کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

یہ انتخابات اولاف شولز کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے کامیاب ہونے کے بعد کرائے گئے تھے، جس کے نتیجے میں جرمنی میں قبل از وقت انتخابات کا انعقاد ہوا۔

Scroll to Top