پشاور: سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر مبینہ دوستی کے بعد پشاور سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی لڑکی کو پشاور پولیس نے جدید ٹیکنیکل تفتیش کی مدد سے اسلام آباد سے بازیاب کرالیا، جبکہ لڑکی کو مبینہ طور پر ورغلا کر اپنے ساتھ لے جانے والے سوات کے رہائشی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق چند روز قبل تھانہ پھندو کی حدود سے مناہل نامی لڑکی اچانک گھر سے لاپتہ ہو گئی تھی، جس پر لڑکی کی پرورش کرنے والی خاتون نے تھانہ پھندو میں واقعے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کیا۔
دورانِ تفتیش تھانہ پھندو کے سب انسپکٹر صدام خان نے روایتی تفتیش کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنیکل طریقہ کار اختیار کیا اور موبائل فون ڈیٹا اور لوکیشن ٹریسنگ کی مدد سے لاپتہ لڑکی کا سراغ لگایا۔
یہ بھی پڑھیں : سابق پی ٹی آئی حکومت کی ناقص حکمرانی کا شاخسانہ، اپر دیر میں محکمہ زراعت عملے سے محروم، آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار شدید متاثر
معلومات مکمل ہونے پر پشاور پولیس کی خصوصی ٹیم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے مناہل نامی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
کارروائی کے دوران لڑکی کو مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے جانے والے مرکزی ملزم محمد رف ولد فضل مالک، ساکن سوات، کو بھی موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق بازیاب کرائی گئی لڑکی مناہل کو قانونی تقاضے پورے کرنے اور تحفظ کی غرض سے دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزم محمد رف کو پشاور منتقل کر کے اس سے واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔





