سابق پی ٹی آئی حکومت کی ناقص حکمرانی کا شاخسانہ، اپر دیر میں محکمہ زراعت عملے سے محروم، آف سیزن سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار شدید متاثر

اپر دیر: تقریباً 12 لاکھ آبادی پر مشتمل خیبر پختونخوا کا زرعی ضلع اپر دیر، جہاں پھلوں، فصلوں اور آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے وسیع امکانات موجود ہیں، سابق پی ٹی آئی حکومت کی مبینہ ناقص حکمرانی اور محکمہ زراعت میں عملے کی شدید قلت کے باعث سنگین بحران کا شکار ہو گیا ہے۔ 

مقامی زمینداروں اور کاشتکاروں نے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ایڈوائزری کونسل سے زرعی شعبے کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

 زرخیز خطہ اور ملک گیر سپلائی متاثر

اپر دیر کے مختلف علاقے جن میں تھل کوہستان، لواری دیر، عشیری درہ، تحصیل دیر، کلکوٹ کوہستان، عشیری، داروڑہ، گندیگار، لرجم، براول اور واڑی شامل ہیں، معیاری پھلوں اور آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے حوالے سے ملک بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔

 یہاں کی زرعی اجناس مقامی منڈیوں کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت ملک کے بڑے شہروں کو سپلائی کی جاتی ہیں۔ تاہم، مقامی کاشتکاروں کے مطابق زرعی سہولیات اور حکومتی سرپرستی کے فقدان کے باعث پیداوار بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

محکمہ زراعت میں عملے کی شدید کمی اور سرکاری اعتراف

مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ ضلعی محکمہ زراعت میں فیلڈ اسٹاف، سپروائزرز اور انسپکٹرز سمیت ضروری عملے کی شدید کمی ہے، جس کی وجہ سے کاشتکاروں کی رہنمائی اور زرعی سرگرمیوں کی نگرانی کا نظام عملاً مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ زراعت کے ضلعی افسر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محکمے کی جانب سے ہر سال عملے کی کمی سے متعلق رپورٹ ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کی جاتی ہے، لیکن تاحال اس کمی کو پورا نہیں کیا جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ؛ اہم تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے اعتراف کیا کہ عملے کی قلت کے باعث فیلڈ وزٹس کرنے اور دور دراز علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کی نگرانی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

سابق حکومت پر تنقید اور گورنر سے امیدیں

علاقے کے شہریوں اور زمینداروں نے سابق صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست میں مصروف رہنے والے حکمرانوں نے اپر دیر کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا۔

 ان کا کہنا تھا کہ بدانتظامی، ناقص حکمرانی اور بدامنی کے باعث سابق حکومت کی برطرفی پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور اب ان کی تمام تر امیدیں نئی انتظامی قیادت سے وابستہ ہیں۔

کاشتکاروں اور مقامی عمائدین نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ایڈوائزری کونسل کے اراکین سے پرزور اپیل کی ہے کہ اپر دیر میں محکمہ زراعت کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں، فیلڈ سرگرمیوں کو فعال بنایا جائے اور کاشتکاروں کو جدید زرعی سہولیات فراہم کی جائیں۔

 ان کے مطابق زرعی شعبے کی بحالی سے نہ صرف مقامی زمیندار خوشحال ہوں گے بلکہ صوبائی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔

Scroll to Top