وفاقی بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ؛ اہم تقرر و تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعلیٰ بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے تحت انفارمیشن گروپ کے گریڈ 21 کے افسر طارق محمود کو مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) مقرر کیا گیا ہے، جبکہ متعدد افسران کے تبادلے اور خدمات کی واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ڈی اے پی پی تعینات ہونے والے گریڈ 21 کے افسر طارق محمود 31 دسمبر 2026ء کو اپنی سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ تک اس عہدے پر فرائض سرانجام دیں گے۔

مزید احکامات کے تحت:

اضافی چارج: پاکستان کسٹمز سروس کے گریڈ 21 کے افسر محمد عمران خان مہمند کو تین ماہ کے لیے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کا اضافی چارج تفویض کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر، 329 قبائلی اسکول غیر فعال اور 44 ہزار سے زائد اساتذہ کی آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت: وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں تعینات جوائنٹ سیکرٹری اسد اللہ کو عہدے سے تبدیل کرتے ہوئے فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

خدمات کی واپسی:سول سروسز اکیڈمی لاہور میں تعینات پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد بلال اکرم اور امور کشمیر ڈویژن میں تعینات سیکشن افسر رضوان احمد کی خدمات واپس آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق تمام تقرر و تبادلوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

Scroll to Top