پاکستان ،بنگلہ دیش کے ایئر چیفس کی ملاقات، دفاعی تعلقات کی مضبوطی کے لیے طویل المدتی شراکت داری کا اعلان

اسلام آباد: بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پر بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلہ دیشی فضائیہ کے لیے جامع تربیتی پروگرامز اور مہارت کے تبادلے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں سپرمشاق ٹرینر طیاروں کی تیز رفتار فراہمی، طویل المدتی سپورٹ، پرانے فلیٹ کی مینٹیننس، ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران بنگلہ دیشی وفد نے نیشنل آئی ایس آر، سائبر کمانڈ اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دہشتگردی کیخلاف جنگ پوری قوم اور ریاست کی جنگ ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

وفد نے پاک فضائیہ کی جدید تربیتی سہولیات اور دفاعی ٹیکنالوجی میں مہارت کی سطح کا جائزہ لیا۔

دونوں فریقین نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اور بنگلہ دیش فضائیہ کے تعلقات کو طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

Scroll to Top