محکمہ موسمیات کی شدید سردی سےمتعلق خبروں پروضاحت

محکمہ موسمیات کی شدید سردی سےمتعلق خبروں پروضاحت

محکمہ موسمیات نے ملک میں غیر معمولی سردی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پھیلائی جانے والی اطلاعات حقائق کے برعکس ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق تازہ موسمیاتی اعداد و شمار ان دعوؤں کی نفی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کے موسم میں جاری کی جانے والی پیش گوئیاں مجموعی طور پر درست ثابت ہو رہی ہیں اور موجودہ موسمی صورتحال معمول کے دائرے میں ہے۔

ترجمان نے عوام اور میڈیا اداروں پر زور دیا کہ موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف محکمہ موسمیات کی مستند رپورٹس اور سرکاری بیانات کو ہی قابلِ اعتماد سمجھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ملک بھر میں بارشیں معمول سے کم جبکہ درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا۔ مجموعی طور پر پاکستان میں معمول کے مقابلے میں 34 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 73 فیصد، سندھ میں 71 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 39 فیصد کم بارشیں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں بارشوں میں 11 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 25 فیصد اور آزاد کشمیر میں 39 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2025 کے دوران ملک کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 2.3، خیبرپختونخوا میں 1.5، پنجاب میں 1.9 اور بلوچستان میں 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

Scroll to Top