بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خاندانوں کے لیے ایک اہم اعلان کیا ہے جس کے تحت اہل افراد کو مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد ادائیگیوں اور پروگرام سے متعلق معلومات کو محفوظ اور براہِ راست مستحقین تک پہنچانا ہے۔
بی آئی ایس پی کے ترجمان کے مطابق یہ سہولت سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت متعارف کرائی گئی ہے، جس کے ذریعے اہل بینیفیشریز کو 8171 سے بھیجے جانے والے پیغامات براہِ راست موصول ہوں گے۔
مفت سم حاصل کرنے کے لیے مستحق افراد کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون ساتھ لے کر قریبی بی آئی ایس پی کیمپ سائٹ یا دفتر جانا ہوگا، جہاں اسکریننگ کے بعد اہلیت کی تصدیق کی جائے گی۔ اہل قرار دیے جانے پر ٹوکن جاری کیا جائے گا اور بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد سم فوری طور پر فعال کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا کی شہریوں کیلئےبڑی سہولت ،گھر بیٹھے اپنا ریکارڈ تبدیل کروائیں
ترجمان نے مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ فراہم کی جانے والی سم صرف اپنے استعمال میں رکھیں، اسے کسی اور کے حوالے نہ کریں اور ہر وقت آن رکھیں تاکہ پروگرام سے متعلق تمام اہم پیغامات بروقت موصول ہوتے رہیں۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے متعارف کرایا گیا سوشل پروٹیکشن والٹ رقم کی ادائیگی کا نیا نظام ہےجس کا مقصد ادائیگیوں کے عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور آسان بنانا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق اس نظام کے آغاز سے مستحق خواتین کو براہِ راست مالی سہولت فراہم کی جائے گی اور کسی قسم کی رکاوٹ یا غلط استعمال کے امکانات کم ہوں گے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا مقررہ کیمپ میں جا کر بائیومیٹرک تصدیق کے بعد مفت سم حاصل کر سکتی ہیں جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والٹ فعال ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سم کے حصول کے لیے کسی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں اور اگر کوئی فرد یا ادارہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس سے رابطہ نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تمام ادائیگیاں اسی سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے کی جائیں گی اور ادائیگیوں سے متعلق تمام پیغامات بھی اسی سم پر موصول ہوں گے۔





