اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کو فون کر کے خطے میں بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک ایران سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے کے ذرائع بدستور بحال ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے درمیان براہ راست رابطے کھلے ہیں اور ضرورت پڑنے پر دونوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بھی ہوتا رہتا ہے۔

ایرانی ترجمان کے مطابق روایتی ثالث کے طور پر سوئٹزرلینڈ کے ذریعے بھی ایران اور امریکا کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی عوام نے حکومت کے حق میں ایک یادگار دن رقم کر دیا، دشمنوں کی سازشیں ناکام، خامنہ ای

انہوں نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے بعض معاملات پر گفتگو ہوئی اور کچھ عمومی خیالات سامنے آئے، تاہم مجموعی طور پر ایران کبھی بھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے حالیہ متضاد بیانات سنجیدگی کے فقدان کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ ایران سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

Scroll to Top