اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مصروف پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں آج امریکا کے خلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔
یہ میچ زمبابوے کے شہر بولاوایو میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم ٹورنامنٹ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈر 19 ٹیم نے گزشتہ روز کوئینز اسپورٹس کلب بولاوایو میں بھرپور تربیتی سیشن منعقد کیا، جس میں کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے تک نیٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں۔
اس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ ڈرلز پر بھی خصوصی توجہ دی گئی تاکہ کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور میچ کنڈیشنز سے ہم آہنگی پر بھی کام کیا۔
پاکستان ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث قومی ٹیم کو مکمل میچ کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔
بارش کے باعث بنگلہ دیش کی اننگز صرف 36.3 اوورز تک ہی محدود رہی، جس کے بعد میچ منسوخ کرنا پڑا۔ اس صورتحال میں آج امریکا کے خلاف وارم اپ میچ پاکستان ٹیم کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس کا بھرپور موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ 16 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا آغاز 16 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : مصری فٹبال اسٹارعالمی لیجنڈز میسی اور رونالڈو سے آگے نکل گئے
دو بار انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم (2004 اور 2006) اس بار بھی اچھی کارکردگی کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
قومی ٹیم حالیہ عرصے میں شاندار فارم میں دکھائی دے رہی ہے اور اس نے عالمی کپ سے قبل دو اہم ٹورنامنٹس اپنے نام کیے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ یہ وارم اپ میچ پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کو کمبی نیشن آزمانے اور کمزوریوں پر قابو پانے میں مدد دے گا، تاکہ ٹیم عالمی کپ میں بھرپور انداز میں مقابلہ کر سکے۔





