عرب ممالک کی پاکستانیوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی،حکومت نے بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی سالک حسین نے خوشخبری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر سالک حسین کے مطابق عرب ممالک کی جانب سے اس سلسلے میں مثبت ردعمل ملا ہے اور اس معاملے پر تفصیلی بات چیت جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان روزگار اسکیم کے حوالے سے معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے عملی اقدامات اور طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے اٹلی کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خبیرپختونخوا میں گرج چمک کیساتھ بارش اور شدید برفباری کی پیشگوئی،این ڈی ایم کاالرٹ جاری

دوسری جانب پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے نظام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ معاہدے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق نئے نظام کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور متعلقہ کلیئرنس پاکستان میں مکمل ہو گی۔

اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافروں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا اور وہ ایئرپورٹ سے سیدھا باہر نکل سکیں گے، جس کا آغاز ابتدائی طور پر کراچی سے پائلٹ بنیادوں پر کیا جائے گا۔

Scroll to Top