اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث اہم موٹرویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہو جانے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم ون (M-1) پشاور سے صوابی تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم ٹو (M-2) ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
دُھند کے باعث (موجودہ صورتحال):
ایم-1: پشاور سے صوابی تک بند ہے۔
ایم-2: ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-3: فیض پور سے درخانہ تک بند ہے۔
ایم-4: پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک بند ہے۔
ایم-11: محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند ہے۔
ایم-14: داؤد خیل سے عیسیٰ خیل تک بند ہے۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) January 16, 2026
موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے درخانہ تک بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم فور (M-4) پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک شدید دھند کی لپیٹ میں ہے اور وہاں بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم الیون (M-11) محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند ہے جبکہ موٹروے ایم فورٹین (M-14) داؤد خیل سے عیسیٰ خیل تک ٹریفک کے لیے دستیاب نہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث کئی علاقوں میں حدِ نگاہ چند میٹر تک محدود ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جب رویہ بدلتا ہے تو سیاست بھی بدلتی ہے، لاہور پہنچنے پر خواجہ سلمان رفیق اور رانا سکندر کا پرتپاک استقبال
ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے مکمل اجتناب کریں۔
موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے اور حدِ نگاہ میں بہتری آنے تک موٹرویز کی بندش برقرار رہے گی، جبکہ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔





