خیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس ضمن میں نئی حلقہ بندیوں کے لیے شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کے 24 اضلاع نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، تورغر، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولئی پالس، سوات، بونیر، لوئر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر میں ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کی حد بندی کے لیے شیڈول تیار کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق 19 جنوری سے 2 فروری 2026 تک تمام انتظامی تیاریاں مکمل کی جائیں گی، جبکہ 3 فروری سے 4 مارچ تک ڈیلی میٹیشن کمیٹیاں ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کی ابتدائی فہرستیں تیار کریں گی۔

ابتدائی فہرستیں 5 مارچ کو شائع کی جائیں گی۔ شہری 6 مارچ سے 25 مارچ تک ڈیلی میٹیشن اتھارٹیز کے سامنے اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے، جنہیں 8 اپریل تک نمٹا دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 ورلڈکپ: بنگلا دیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر آئی سی سی کا ردعمل سامنے آگیا

شیڈول کے آخری مرحلے میں 20 اپریل کو ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کی حد بندی کی حتمی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے واضح کیا ہے کہ نئی حد بندیوں میں شفافیت اور عوامی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی تاکہ تمام شہری اپنے حلقے کی حد بندی اور نمائندوں کے انتخاب میں برابر کے مواقع حاصل کر سکیں۔

حکام نے کہا کہ انتخابات کی تیاری میں مقامی انتظامیہ، سیاسی جماعتوں اور شہریوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔

Scroll to Top