فیلڈ مارشل عاصم منیر انتہائی ایماندار اور قابلِ تعریف شخصیت ہیں، گورنر پنجاب

لندن: گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہائی ایماندار اور ملک کے لیے وقف انسان ہیں۔

لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خواہش ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے کچھ مثبت کر سکیں، اور مسلح افواج کے تینوں سربراہ اس تعریف کے مستحق ہیں۔

سردار سلیم خان نے مزید کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ساری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔

پہلے صدر اور وزیراعظم کو امریکی حکمرانوں کے ساتھ ملاقات یا ناشتہ کرنے کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے پڑتے تھے، لیکن اب امریکی صدر خود پاکستانی قیادت کو مدعو کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، جبکہ بھارت ہمیشہ جنگ مسلط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

گورنر پنجاب نے ملکی سیاست پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پیشکش کی تھی، لیکن پی ٹی آئی کے انکار کے بعد پیپلز پارٹی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا۔

سردار سلیم خان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دور میں پنجاب اور سندھ میں عزت اور احترام ملا، لیکن اس کا مناسب پاس نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top