کامران علی شاہ
پشاورکے علاقے یونیورسٹی ٹاؤن میں اولڈ عبدالرہ روڈ پر گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرنے والی خاتون ملازمہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
گزشتہ روز محمد ابراہیم خٹک نے اپنے گھر سے زیورات چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس کے بعد تھانہ ٹاؤن نے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ٹیم میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں اور انہوں نے شواہد اکٹھا کرنے کے بعد مختلف پہلوؤں پر باریک بینی سے تفتیش کی۔ اس دوران گھر کے افراد اور وہاں کام کرنے والے دیگر ملازموں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
گھر کی ملازمہ کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر مزید تفتیش کی گئی جس کے نتیجے میں ملزمہ نے اصل حقائق ظاہر کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔
اس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 18 تولہ سونا اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد کر لی گئیں۔
ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔





