مسلم لیگ ن کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا ہے کہ تیراہ میں جاری آپریشن کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس سے قبل چالیس ہزار افراد کو اسلحے سمیت واپس لا کر آباد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہی لوگوں نے ڈیڑھ سو کے قریب ایسے سخت گیر اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو معاف کیا جن کے ہاتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عام شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے تھے۔
سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ ان تمام فیصلوں کے ذمہ دار وہ افراد ہیں جن کی ویڈیوز موجود ہیں اور جو خود اعتراف کر رہے ہیں کہ انہوں نے یہ اقدامات درست کیے۔
ان کے مطابق یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اس دستاویز پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ان تمام عناصر کو رہا کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملے میں ایسا رویہ اختیار کر رہی ہے جیسے انہیں کچھ معلوم ہی نہ ہو حالانکہ یہ تمام فیصلے انہوں نے خود کیے۔
سینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ آج بھی یہی عناصر چاہتے ہیں کہ ملک اور صوبے کی سیکیورٹی صورتحال مزید خراب ہو اور اسی مقصد کے تحت وہ اب بھی سرگرم عمل ہیں۔




