مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ جنگ میں واضح برتری حاصل کی اور دشمن کو عبرتناک شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 34 مرتبہ یہ بیان دے چکے ہیں کہ پاکستان نے سات بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ رافیل طیارے بنانے والے ملک فرانس نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے کہ بھارتی طیارے تباہ کیے گئے۔
ارباب خضر حیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود ایک نجی ٹی وی چینل رفتار پاکستان کی شکست کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان اپنی فتح کے حوالے سے غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف قومی مفادات کے خلاف ہے بلکہ پاکستان کے دفاع، آئین اور سلامتی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے چینلز کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، رفتار چینل کو فوری طور پر بند کیا جائے اور اس کے مالکان اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بیٹھ کر دشمن ممالک کی حمایت کرنے یا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جیلوں میں ہونا چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ جو افراد یا ادارے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر کے بھارت یا دیگر دشمن ممالک کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، ان کے خلاف بلا امتیاز سخت اور فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کسی کو قومی سلامتی کے خلاف بولنے یا لکھنے کی جرات نہ ہو۔





