اسلام آباد کی عدالت کا علی امین گنڈا پور کے حوالے سے بڑا فیصلہ

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے آڈیو لیک کیس سے متعلق علی امین گنڈاپور کے خلاف سماعت کی۔

دورانِ سماعت عدالت نے ملزم کی مسلسل غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کے لیے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

کیس میں نامزد شریک ملزم عدالت میں حاضر ہوا، تاہم علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی کے باعث فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

Scroll to Top